پاکستان کا کشمیر سے متعلق امام خامنہ ای کے بیان کا خیرمقدم


پاکستان کا کشمیر سے متعلق امام خامنہ ای کے بیان کا خیرمقدم

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کشمیری عوام کی حمایت سے متعلق امام خامنہ ای کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کیا ہے.

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کے حالیہ بیانات قبل تحسین ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کشمیر کے متعلق کئے جانے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپریم لیڈر کے حالیہ بیانات سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر تنازع پر سخت تشویش ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ 'خواجہ محمد آصف' نے بھی حالیہ دنوں اپنے ایرانی ہم منصب 'محمد جواد ظریف' کے ساتھ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا.

واضح رہے کہ امام خامنہ ای نے تہران میں عید مبعث کی مناسبت سےایرانی حکام اور اسلامی ملکوں کے سفرا کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام، عراق، افغانستان، فلسطین، میانمار اور کشمیر کے مظلوم عوام اپنی مزاحمتی تحریکوں کے ذریعے مستقبل قریب میں دشمنوں پر فتح حاصل کریں گے۔

خیال رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای بارہا مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ مبقوضہ کشمیر کے حالات گزشتہ سال جنوری سے کشیدہ چلے آرہے ہیں اور اس عرصے کے دوران کشمیری مظاہرین پر بھارتی سیکورٹی فورس کے حملوں میں متعدد نہتے کشمیری شہید یا زخمی ہوچکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری