چار آزاد ارکان کے بعد پنجاب سے پی ٹی آئی میں مزید 9 کی شمولیت کا قوی امکان


چار آزاد ارکان کے بعد پنجاب سے پی ٹی آئی میں مزید 9 کی شمولیت کا قوی امکان

پنجاب اسمبلی کے چار نومنتخب آزاد ارکان کے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کے بعد پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 9 آزاد اراکین پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت وفاق کے ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی۔ قومی اسمبلی کے 8 جب کہ پنجاب اسمبلی کے 5 آزاد امیدوار تحریک انصاف کا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

ادھر  پنجاب سے چار اراکین صوبائی اسمبلی نے بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ کبیروالا سے حسین جہانیاں گردیزی،  لیہ سے سید رفاقت حسین شاہ اور بشارت رندھاوا جبکہ ڈی جی خان سے حمید پتافی نے کپتان کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب مظفرگڑھ سے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سید علمدارقریشی، خانیوال سے مسعود گیلانی تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ان کی بھی شمولیت کا امکان ہے۔

پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 123 جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 129 ہے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے 7 اورپیپلز پارٹی کے 6 ارکان ہیں، اس کے علاوہ 29 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ موجودہ صورت حال میں آزاد امیدواروں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری