مسئلہ کشمیر؛ مودی حکومت عمران خان کی پیش کش قبول کرے، محبوبہ مفتی


مسئلہ کشمیر؛ مودی حکومت عمران خان کی پیش کش قبول کرے، محبوبہ مفتی

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عمران خان کی پیش کش قبول کر لیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ مقبوضہ کشمیر نے کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے سلسلے میں نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والے رہنما عمران خان کی پیش کش قبول کرلیں۔

محبوبہ مفتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’عمران خان کی مسئلہ کشمیر کے حل اور دونوں ممالک کی دوستی کے لیے پیش کش قبول کر کے اس کا مثبت جواب دیا جائے۔‘

خیال رہے کہ جموں اینڈ کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے عمران خان کو انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر سوشل رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے مبارک باد بھی دی تھی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد 26 جولائی کو قوم سے غیر سرکاری خطاب میں بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پُر امن مذاکرات کی پیش کی تھی۔

عمران خان نے کہا تھا کہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت اور پاکستان غربت کے خاتمے کے لیے کام کریں، اس سلسلے میں انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تھا ’میں وہ پاکستانی ہوں جو یقین رکھتا ہے کہ برّ صغیر میں معیشت کی بہتری کے لیے پاک بھارت تجارتی تعلقات ضروری ہیں، یہ دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔‘

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری