وزیراعظم نے قرضے مانگ کر قوم کو مایوس کیا، مریم اورنگزیب
مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے دعوؤں کے برعکس قرض مانگ کر قوم کو مایوس کیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے ملک کی حالت کے ذمے دار وفاقی کابینہ اور وزیراعظم عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کل جس کنٹینر کی بات کر رہے تھے انہیں خود اس کی جلد ضرورت پڑے گی، جھوٹے الزامات کے باوجود ہم احتساب سے گزر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہمارے وزراء، نواز شریف، شہباز شریف سب احتساب سے گزر رہے ہیں، وزیر اعظم کس کو این آر او دینا چاہتے ہیں، یہ کس کے این آر او کی بات کر رہے ہیں، یہ بھی قوم کو بتا دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت معاشی بحران کے ذمہ دار خود وزیراعظم عمران خان ہیں ، جبکہ پاکستان مسلم لیگ نون پاکستان کی سب سے بڑی حقیقی جماعت ہے۔
ترجمان مسلم لیگ نون کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم لوگوں نے بجلی کے بل جلانے کی بات نہیں کی، عوام کی بہتری کی خاطر ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔