جب تک کوئی مجرم نہیں ہوگا کیسے ای سی ایل میں نام ڈالیں، شہریار آفریدی


جب تک کوئی مجرم نہیں ہوگا کیسے ای سی ایل میں نام ڈالیں، شہریار آفریدی

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہےکہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرے گی اور جب تک آسیہ بی بی کو مجرم قرار نہیں دیا جاتا اس وقت تک نام ای سی ایل میں نہیں ڈال سکتے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے پاکستان میں حالیہ احتجاج پرکہا کہ ’اس میں ایک وہ لوگ تھے جو اپنے ذاتی مفاد اور ایجنڈے کے ذریعے بغض پورا کرنے کے لیے املاک کو نقصان پہنچا رہے تھے‘۔

انہوں نے کہا کہ ‘معاہدے میں شامل تحریک لبیک کے ارکان کو جب ان کا بتایا گیا اور فوٹیجز دکھائی گئیں تو انہوں نے انہیں اپنی جماعت کا ماننے سے انکار کردیا‘۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ‘قانون پر جب کوئی سمجھوتہ کرے گا تو پھر وہ بنانا ریاست ہوگی، جو بھی گرفتاریاں ہوئیں انہیں قانونی طریقے سے ٹریٹ کیا جائے گا، باور کراتا ہوں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جو قانون کو توڑے یا اسے چیلنج کرے گا، وزیراعظم اور دیگر حکام کا واضح مؤقف ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔‘

آسیہ بی بی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالنے سے متعلق شہریار آفریدی نے کہا کہ’ سپریم کورٹ جو فیصلہ دے گی حکومت اس پر عمل کرے گی، جب تک کوئی مجرم نہیں ہوگا کیسے ای سی ایل میں نام ڈالیں؟ سوال ہی پیدا نہیں ہوگا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہر پاکستانی خواہ وہ جس مذہب یا مسلک کا ہو وہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ کسی کو جان و مال سے کھیلنے کا لائسنس نہیں دیا جاسکتا۔آسیہ بی بی اور ان کا خاندان پاکستان میں ہے اور حکومت کی جانب سے انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے‘۔

واضح رہےکہ سپریم کورٹ سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس دوران املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے کے بعد مظاہرے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور معاہدے میں تحریک لبیک نے آسیہ بی بی کا نامای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری