پاکستانی وزیرِ خارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات


پاکستانی وزیرِ خارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات

پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود اور افغان صدر کے درمیان ملاقات میں اہم علاقائی اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

افغان صدر اشرف غنی نے مفاہمتی عمل میں پاکستان کی شرکت اور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ مذاکراتی فورم سے روابط کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام میں مدد ملے گی، افغانستان میں امن و استحکام دونوں ممالک کے لیے بہتری کا مؤجب ہوگا۔

واضح رہے کہ افغانستان کے شہر کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ، افغانستان کی سیاسی صورتِ حال اور خطے میں امن و امان اور تجارت سے متعلق متعدد امور پر تبادلۂ خیال کے لیے جمع ہوئے ہیں، یہ مذاکرات تین ادوار پر مشتمل ہیں۔

پہلے دور میں افغانستان کی سیاسی صورتِ حال پر بات چیت ہوگی، افغان طالبان سے مفاہمتی عمل پر بھی بات چیت کی جائے گی، مذاکرات کے دوسرے دورمیں فریقین کے درمیان خطے میں تعاون پر بات چیت ہوگی جب کہ تیسرے دور میں سیکورٹی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کانفرنس کے پہلے دور کے اختتام پر تینوں ممالک نے دہشت گردی کی روک تھام اورسیکورٹی تعاون بڑھانے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری