پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے 7 ایرانی شہری گرفتار


پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے 7 ایرانی شہری گرفتار

فیڈرل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے ) نے پاکستان کے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر سفر کرنے والے 7 ایرانیوں کو گرفتار کرلیا۔

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی شہریوں کو تربت ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پاکستانی پاسپورٹ پر بحرین سے واپس آئے تھے۔

ڈان نیوزنے خبردی ہے کہ ایرانی شہریوں کو تفتیش کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جس کے بعد انہیں کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ 8 عبدالرحمٰن کے سامنے پیش کرنے کے بعد ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔

ایرانی شہری پاکستان کے جعلی پاسپورٹ پر 2014 سے بحرین سفر کررہے تھے۔

جولائی 2018 کے درمیان بحرین پولیس نے ان ایرانی شہریوں کو ایک جرم کے الزام میں گرفتار کرکے ماناما جیل میں قید کیا تھا۔

ایف آئی اے افسر نے بتایا کہ جب پاکستانی سفارت خانے کے قونصلر نے 13 ستمبر 2018 کو جیل کا دورہ کیا تھا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان پاکستانی نہیں بلکہ ایرانی تھے۔

جس کے بعد سے پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر الرٹ جاری کردی گئی اور جب 13 دسمبر کو یہ 7 ایرانی تربت ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

ملزمان کا تعلق ایران کے صوبے سیستان وبلوچستان سے ہے اور انہوں نے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ گوادر اور تربت میں بنوائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی شہریوں کی گرفتاری کے بعد نادرا اور پاسپورٹ کےمحکمے میں بھی گرفتاریاں عمل میں آنے کے امکانات ہیں۔

خیال رہےکہ افغانستان، بنگلادیش، برما سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے ہزاروں شہریوں کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے جو غیرقانونی طور پر حاصل کیا گیاہے۔

کچھ عرصہ قبل سعودی دارلحکومت ریاض میں افغان سفارتخانے کا کہنا تھا کہ تقریبا 70ہزار افغان شہریوں کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری