یمنی سرکاری فوج نے سعودی عرب کا ڈرون طیارہ سرنگون کردیا


یمنی سرکاری فوج نے سعودی عرب کا ڈرون طیارہ سرنگون کردیا

یمنی ذرائع نے اس ملک میں سعودی جاسوس طیارے کی سرنگونی کی خبر دی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یمنی سرکاری فوج کے فضائی دفاعی سسٹم نے سعودی عرب سے ملحقہ علاقوں میں سعودی جاسوس طیارے کو مار گرایا ہے۔

یمنی سرکاری فوج نے سعودی جاسوس ڈرون کو جیزان کے مشرقی علاقے جحفان میں مارگرایا ہے۔

یاد رہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے سعودی یلغار کے آغاز سے تاحال کئی سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو مارگرایا ہے۔

یمنی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوثی قبائل اور سرکاری فوج نےصوبہ حجہ کے علاقے ''عاھم'' میں سعودی اتحادی افواج کے حملوں کو پسپا کردیا ہے جس کے نتیجے میں 6 بکتربند گاڑیاں تباہ اور متعدد سعودی اہلکار ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود سعودی اتحادی افواج اور یمنی سرکاری فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

یمن میں امریکا کی پشت پناہی سے سعودی اتحاد نے مارچ 2015 میں حوثیوں کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں نہتے یمنی شہید اور لاکھوں زخمی ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ یمن میں سعودی اتحاد کی جانب سے مسلط کردہ تین سال سے جاری خون ریز جنگ کے دوران براہ راست سعودی حملوں اورخوراک کی شدید کمی کے باعث 85 ہزار معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری