پاکستان کو امارات سے تاخیری ادائیگیوں پر3 ارب 20 کروڑ ڈالرکا تیل ملنے کی امید


پاکستان کو امارات سے تاخیری ادائیگیوں پر3 ارب 20 کروڑ ڈالرکا تیل ملنے کی امید

پاکستان کو متحدہ عرب امارات سے تاخیری ادائیگیوں کی بنیاد پر 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ملنے کی امید ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پٹرولیم ڈویژن ذرائع کا کہناہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کے دوران سعودی عرب کی طرز پر تاخیری ادائیگیوں پر تیل کی سہولت ملنے کی امید ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب بھی پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل فراہم کر رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل فراہمی کی سہولت کا اعلان 6 جنوری کو ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کے دوران متوقع ہے۔

متحدہ عرب امارات کا پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالرز جمع کرانے کا اعلان

ذرائع کے مطابق پاکستان کو ایل این جی درآمد کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک کے ادارے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپویشن سے بھی تاخیری ادائیگیوں پر ڈیڑھ ارب ڈالر قرض کی سہولت ملنے کی امید ہے۔

پاکستان سالانہ ساڑھے 4 ارب ڈالر تک ایل این جی درآمد کر رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے اشتراک سے حب بلوچستان میں 5 ارب ڈالر سے زیادہ کی لاگت پارکو کوسٹل ریفائنری کی تعمیر بھی شروع کی جارہی ہے۔

پاکستان اور یو اے ای کی قیادت کا مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کے 2 دورے کیے تھے جہاں انہوں نے اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کیں تھیں۔

گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا تھا اور اپنے بیان میں کہا تھا کہ 3 ارب ڈالرز سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور اس سے دو طرفہ تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔

ابوظہبی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ نے پاکستان کے 8 ترقیاتی منصوبوں کو بھی مالی امداد فراہم کی ہے جس کی مجموعی مالیت 1.5 ارب درہم ہے جن میں توانائی، صحت، تعلیم اور سڑکوں جیسے منصوبے شامل ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری