افغان طالبان کو اسلام آباد آنے کی دعوت
پاکستان نے طالبان قیادت کو پیغام پہنچایا ہےکہ وہ اس ہفتے اسلام آباد میں ایک ملاقات طے کروانے کا خواہش مند ہے تا کہ امن ایجنڈے کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان، افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے اورافغان طالبان کے رہنماؤں کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات کروانے کی سنجیدہ کوششیں کررہا ہے تاکہ مذاکراتی عمل میں آنے والے تعطل کو دورکرکے افغان امن عمل کو تیز کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے طالبان قیادت کو پیغام پہنچایا کہ وہ اس ہفتے اسلام آباد میں ایک ملاقات طے کروانے کا خواہش مند ہے تا کہ امن ایجنڈے کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
اسی سلسلے میں زلمے خلیل زاد کا دورہ اسلام آباد بھی ملتوی کردیا گیا تاکہ طالبان قیادت کو باہمی مشاورت کے لیے وقت فراہم کیا جاسکے۔
حالیہ کوششوں کے پس منظرمیں ایک اہم طالبان رہنما کی گرفتاری اوربعدازاں رہائی جبکہ کچھ طالبان کمانڈروں کی گرفتاری اور چھاپوں کے بارے میں میڈیا رپورٹس بھی سامنے آئیں تا کہ مبینہ طور پر دباؤ ڈال کر طالبان کو مذاکرات کی میز پر واپس لایا جاسکے اور افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے راضی کیا جاسکے۔