جسٹس آصف سعید کھوسہ آج بطور چیف جسٹس حلف اٹھائیں گے
سپریم کورٹ آف پاکستان کے سنیئر ترین جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ آج بطور چیف جسٹس حلف اٹھائیں گے۔ آصف سعید خان کھوسہ ملک کے 26 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، صدر پاکستان عارف علوی 26ویں چیف جسٹس آف پاکستان سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی۔
تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز بھی شرکت کریں گے۔
مختلف ممالک کے عدالتی نظام میں اہم عہدوں پرفائز شخصیات بھی جسٹس کھوسہ کی حلف برداری میں شرکت کریں گی۔
ترک سپریم کورٹ کے صدر جسٹس نارین فردی، ناردرن سائپریس عدالت کے صدر جسٹس قاسم ذنا، نائجیریا بورنو کے جسٹس بی مارولوکربھی حلف برداری میں شریک ہوں گے۔
بھارتی سپریم کورٹ کے سابقہ صدر اور سینئر ترین ججز کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔
کامن ویلتھ کی گورننگ کمیٹی اور جوڈیشل تعلیم کے حکام جسٹس آصف سعید کھوسہ کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کریں گے۔