ایل جی کا انوکھا فولڈ ایبل فون متعارف کرنے کا اعلان
ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی ایک ایسا فولڈنگ اسمارٹ فون متعارف کروانے والی ہے، جس میں صارفین دوسری اسکرین لگا سکیں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے نےسی نیٹ ڈاٹ کام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایل جی ایک نیا اسمارٹ فون متعارف کرنے والی ہے جس میں اسکرین سائز دوگنا کرنے کے لیے ڈبل اسکرین لگائی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر یہ دوسری اسکرین ایک کیس (case) کی شکل میں ہوسکتی ہے۔
اس نئے فون کو اگلے ماہ موبائل ورلڈ کانگریس میں متعارف کرنے کا امکان ہے اور اُسی وقت اس کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئیں گی۔
خیال رہے کہ ایل جی کمپنی فولڈنگ ڈیوائسز بنانے میں کافی ماہر ہے، جو پہلے بھی ایسی کئی اسکرینز بنا چکی ہے جو آسانی سے کتاب کی طرح یا اخبار کی طرح فولڈ ہوجاتی ہے۔
2014 میں ایل جی نے 18 انچ کی ایچ ڈی الٹرا فولڈنگ اسکرین بنائی تھی جس میں پلاسٹک کے بجائے خاص قسم کی فلم استعمال کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس سام سنگ نے بھی فولڈ ہونے والا اسمارٹ فون متعارف کروایا تھا جب کہ ایل جی کے اشتراک سے 2020 تک فولڈنگ آئی فون بھی متعارف کروایا جائے گا۔