ملاعبدالغنی برادر قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ مقرر


ملاعبدالغنی برادر قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ مقرر

طالبان نے ملاعبدالغنی برادر کو قطر میں اپنے سیاسی دفتر کے سربراہ کے طور پر تعینات کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے طالبان میں قطر میں کھولے گئے اپنے سیاسی دفتر کی ذمہ داری ملاعبدالغنی برادر کو سونپ دی۔

افغان طالبان نے اعلان کیا کہ تنظیم کے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے تنظیم کے بانیوں میں شمار ملا عبدالغنی برادر کو سیاسی امور کے لیے اپنا نائب منتخب کیا ہے اور انہیں قطر میں سیاسی دفتر کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

طالبان کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملا عبدالغنی کی تقرری کا مقصد امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کو درست سمت میں رکھنا ہے اور اسے بہتر بنانا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کے مطابق ملا عبدالغنی برادر جلد قطر پہنچیں گے جہاں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم وہ آج ہونے والے مذاکرات کا حصہ ہوں گے یا نہیں اس حوالے سے کچھ واضح نہیں۔

رپورٹ میں طالبان کے ذمہ دار اہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ملا عبدالغنی کو قطر آفس کی ذمہ داری دینے کی وجہ یہ ہے کہ امریکا مذاکرات میں طالبان کی سینئر قیادت کی شمولیت کا خواہاں ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری