ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے
ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو ایک ہزار سے زائد کاروباری شخصیات کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو ایک ہزار سے زائد کاروباری شخصیات کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے جب کہ ایئر پورٹ پر وزیراعظم عمران خان خود ولی عہد کا استقبال کریں گے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے قبل ان کی سیکیورٹی اور ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی جبکہ 2روز پاکستان میں قیام کے سلسلے میں محمد بن سلمان کی ورزش کا سامان، فرنیچر، ضروری اشیا کے 5 ٹرک مقامی ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کی سیکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کے دورے کی کوریج کے لیے سعودی میڈیا کا وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔
مہمانوں کیلیے اسلام آباد کے دونوں بڑے ہوٹل اور پنجاب ہاؤس مختص کردیے گئے ہیں۔ سعودی ولی عہد آئل ریفائنری سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے۔