آصف زرداری کا حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان


آصف زرداری کا حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ دے دیا، تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ تحریک کب شروع کی جائے گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے خلاف سیاسی تحریک تو چلے گی تاہم اصل سوال یہ ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک کب چلے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی ٹھیکوں کے کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کے بعد آصف زرداری نے کہا کہ خان صاحب کہیں خود کو این آر او نہ دے دیں۔

 اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر نے کہا  کہ آئی ایم ایف کے ملازم کو گورنر اسٹیٹ بینک لگا کر بڑی غلطی کی گئی ہے، پاکستان کی معاشی تاریخ میں یہ بات یاد رکھی جائے گی۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر رضا باقر کو تین سال کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک مقرر کیا گیا ہے، وہ 18 سال آئی ایم ایف اور 2 سال ورلڈ بینک میں کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔

رضا باقر 2017 سے مصر میں آئی ایم ایف آفس سربراہ اور سینئر ریزیڈنٹ نمائندے تھے، رومانیہ اور بلغاریہ میں آئی ایم ایف کے مشن چیف رہ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف زرداری کے خلاف جعلی ٹھیکوں کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق صدر کی عبوری ضمانت 15 مئی تک منظور کر لی گئی۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک نیب آصف زرداری کو گرفتار نہ کرے، عدالت نے آصف زرداری کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری