ترکی: خاشقجی قتل، خدیجہ کا عالمی برادری سے انصاف کا مطالبہ


ترکی: خاشقجی قتل، خدیجہ کا عالمی برادری سے انصاف کا مطالبہ

استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجہ نے عالمی برادری سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے 'ٹی آر ٹی' کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی کے سامنے بات کرتے ہوئے خدیجہ نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ دنیا نے اس بارے میں اب تک کچھ کیوں نہیں کیا ہے۔

صحافی کے قتل پر انہوں نے امریکی کانگریس سے نئی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے کہا تھا کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا، تاہم 7 سے 8 ماہ بعد بھی ہمیں کچھ نہیں نظر آرہا جس کی وجہ سے میں آج یہاں آئی ہوں۔

انہوں نے جذباتی لہجے میں کہا کہ مجھے اب تک سمجھ نہیں آتی، مجھے اب بھی لگتا ہے کہ میں بیدار ہوں گی، کیا اس طرح امریکی اقدار کا بھی قتل نہیں ہوگیا ہے؟

واضح رہے کہ سعودی نژاد امریکی شہری اور واشنگٹن پوسٹ کے نامہ نگار جمال خاشقجی کے استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے سے قبل ملاقات کرنے والی خدیجہ آخری انسان تھیں۔

گزشتہ سال 2 اکتوبر کو جمال خاشقجی استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے میں داخل ہوئے تھے تاہم وہ واپس نہیں آئے۔

جمال خاشقجی کو، جو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ناقد رہے، قونصل خانے میں ہی سعودی ٹیم کی جانب سے قتل کردیا گیا تھا۔

ان کی منگیتر نے امریکا سے سعودی عرب میں سیاسی قیدیوں کی آزادی کے لیے پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج بھی نہیں معلوم کہ انہیں کیوں قتل کیا گیا، ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کے باقیات کہاں ہیں۔

امریکی حکام نے جمال خاشقجی کے قتل کی ذمہ داری سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران پر عائد کی تھی۔

امریکی خفیہ ایجنسی 'سی آئی اے' کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ محمد بن سلمان نے صحافی کے قتل کے احکامات دیئے تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری