مشرقی افغانستان میں امریکی افواج کا حملہ،9شہری جاں بحق
مشرقی افغانستان میں امریکی اتحادی افواج کے حملے میں 9 عام شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مشرقی افغانستان کے صوبہ وردک میں ایک دینی مدرسے پر امریکی اتحادی افواج نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 9 طالب علم مارے گئے ہیں۔
روزنامہ ویسا نے خبر دی ہے کہ امریکی فوج نے وردک صوبے کے علاقے چک میں رات کے اندھیرے میں ایک دینی مدرسے کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی افواج نے مدرسے کی عمارت کو بھی دھماکے سے تباہ کردیا ہے۔ صوبہ وردک میں عام شہریوں کا کہنا ہے کہ غیرملکی افواج کی جانب سے عام شہریوں کا قتل عام تشویشناک ہے۔ افغان حکومت کو چاہئے کہ اس قسم کے حملوں کے روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔
دوسری طرف قطر میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت کی توقع کی جارہی ہے۔