کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ؛ بھارت ان، بنگلہ دیش آؤٹ، پاکستان 2 قدم دور


کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ؛ بھارت ان، بنگلہ دیش آؤٹ، پاکستان 2 قدم دور

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا جبکہ پاکستان اب بھی سیمی فائنل سے 2 قدم دور ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ہر گزرتے دن کے ساتھ سیمی فائنل کی ٹیموں کی تصویر واضح ہوتی چلی جا رہی ہے۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جب کہ بنگلہ دیش ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہے اور مزید 2 ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے۔

ڈرہم کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی ٹیم کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے ناصرف 5 جولائی کو ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش کو ہرانا ہوگا بلکہ آج میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔ انگلینڈ کی جیت پاکستان کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے۔ تاہم اگر انگلینڈ کو ناکامی ہوئی تو اسے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے 5 جولائی کو پاکستان کی شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر آسٹریلیا پہلے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، انگلینڈ چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
اس لحاظ سے نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور پاکستان میں سے 2 ٹیمیں سیمی فائنل کا حصہ بنیں گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری