پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا معمہ حل؛ لشکر جھنگوی کے دہشتگرد گرفتار
کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے لشکر جھنگوی کے 4 دہشتگرد گرفتار کر لئے ہیں۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ اس زمرے میں پولیس نے خاتون سمیت چار سہولت کاروں کو گرفتار کر لیاہے جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کی سینٹرل جیل سے فرار ہونے والا فرعون اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث نکلا۔ دہشتگردوں کے ٹولے کی خاتون رکن ناز پولیس کی گرفت میں آئی تو سب اگل دیا، شیخ ممتاز عرف فرعون کو بھی شناخت کر لیا۔
ملزمہ ناز نے بتایا کہ مجھے معلوم تھا کہ شیخ ممتاز 2017ء جون میں جیل سے فرار ہوا تھا، میرا شوہر افروز بھی تین سال سے سکھر جیل میں ہے جس سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا تھا۔ اورنگی ٹاؤن میں واردات کے بعد موٹر سائیکل ایک دکان سے گھر منتقل کی گئی تھی۔
ملزمہ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ خطرناک ٹارگٹ کلر اس کا سگا بھائی ہے اور شیخ ممتاز اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ افغانستان سے سیدھا اسی کے گھر آیا تھا۔
پولیس کے مطابق شیخ ممتاز عرف فرعون جیل سے فرار ہو کر افغانستان چلا گیا تھا جس نے واپس کراچی آ کر اپنا گروپ متحرک کیا تھا۔