عمران خان کی چینی بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات، سرمایہ کاری کی یقین دہانی
وزیراعظم عمران خان سے آج چینی بزنس کمیونٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے جس میں 55سے زائد مختلف چینی کمپنوں کے سربراہان شامل تھے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان آج کی چینی بزنس کمیونٹی کے وفد سے ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے کی کڑی ہے۔
مختلف صنعتوں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
سمال اور میڈیم شعبے سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے اور انڈسٹری پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری اور انڈسٹری کی منتقلی کے نتیجے میں پہلے سال پچاس ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی عوام گہری دوستی کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت کے وژن اور تدبر خصوصا امن و ترقی، گورننس اور عوام کو غربت سے نکالنے کی حکمت عملی سے متاثر ہیں۔ ہمیں چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور دیگر کے علاوہ پاکستان میں چین کے سفیر بھی موجود تھے۔