وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے سرکاری دورے پر امریکہ روانہ


وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے سرکاری دورے پر امریکہ روانہ

وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورہ امریکہ پر واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں جہاں 22 جولائی کو وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے لیے کمرشل فلائٹ سے واشنگٹن کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ بطور وزیراعظم پاکستان یہ عمران خان کا یہ پہلا امریکی دورہ ہے، پاک فوج کے سربراہ بھی ان کے ہمراہہیں۔
اس کے علاوہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی امور زلفی بخاری ان کے ہمراہ ہیں جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پہلے ہی امریکہ میں موجود ہیں۔


پہلا روز:
21 جولائی کو وزیراعظم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قائم مقام ایم ڈی، عالمی بینک کے صدر اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی کریں گے۔


دوسرا روز:
22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرائیں گے۔ اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہو گی، عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔

تیسرا روز:
23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان 20جولائی کو مقامی وقت کے مطابق 3بج کر30 منٹ پر واشنگٹن پہنچیں گے اور وزیراعظم کا سرکاری دورہ 21 جولائی سے شروع ہو گا۔
دوسری جانب واشنگٹن میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ایڈ کی نہیں ٹریڈ کی بات کررہے ہیں، اس لیے امریکا میں امداد مانگنے نہیں بلکہ نئی سوچ اور نقطہ نظر کے ساتھ واشنگٹن آئے ہیں۔
یاد رہے کہ اب تک وزیراعظم عمران خان ایران، سعودی عرب، ترکی، قطر اور چین کا سرکاری دورہ کر چکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری