موت نے حج کی مہلت نہ دی؛ سعودی عرب میں 17 پاکستانی عازمین حج جاں بحق
فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سرزمین وحی جانے والے 17 پاکستانی عازمین حج، مقدس فریضہ انجام دینے سے پہلے ہی انتقال کرگئے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق فریضہ مقدس کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب جانے والے 17 پاکستانیوں کو موت نے حج ادا کرنے کی مہلت نہ دی۔
طبی وجوہات کی بنا پر 17 پاکستانی عازمین حج اس دنیا سے انتقال کر گئے لہذا انہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے قبرستانوں میں دفن کردیا گیا۔
واضح رہے کہ حج مشن کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مکہ مکرمہ میں پاکستان کے 4 عازمین حج کا انتقال ہوا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ متوفی حجاج کی شناخت محمود احمد، محمد رمضان، جمیلہ بی بی، غلام یوسف اور حبیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ جس کے بعد مجموعی طور پر انتقال کرنے والے پاکستانی عازمین کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ انتقال کرنے والوں میں 13 سرکاری اور 4 نجی سکیم کے ذریعے جانے والے عازمین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مجموعی طور پر پاکستان سے 2 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب جائیں گے۔ جن میں سے ایک لاکھ 29 ہزار پاکستانی حجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
حج آپریشن کی آخری پرواز 6 اگست کو روانہ ہوگی۔