نیب نے خورشید شاہ سمیت 9 انکوائریوں کی منظوری دے دی


نیب نے خورشید شاہ سمیت 9 انکوائریوں کی منظوری دے دی

قومی احتساب بیورو(نیب) نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی خورشید شاہ سمیت مجموعی طور پر9 انکوائریوں کی منظوری دے دی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر رہی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق نیب نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی خورشید شاہ سمیت 9 اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔
ان اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ کے اہم اجلاس میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کے علاوہ سابق گورنر خیبرپختونخوا اور ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی کے خلاف بھی تحقیقات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سابق سیکرٹری اطلاعات خیبرپختونخوا امتیاز ایوب، وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران اور متعدد اہلکاروں کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جبکہ سابق وفاقی وزیر تنویر الحسن گیلانی کے خلاف عدم شواہد کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا بھی گیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کیخلاف اثاثہ جات چھپانے کی درخواست سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما طاہر شاہ نے خورشید شاہ کی الیکشن 2018میں کامیابی کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ خورشید شاہ نے 2011 میں شاہ فوڈ انڈسٹری خریدی اور 2017 میں مالکانہ حقوق حاصل کیے لیکن 2018 نامزدگی فارم میں ظاہر نہیں کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے استدعا کی ہے کہ جان بوجھ کر اثاثے چھپانے کے جرم میں خورشید شاہ کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے اور انہیں الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے ایک ماہ کے دوران کرپشن میں ملوث 25 ملزمان سے پلی بارگین کر کے تین ارب روپے نکلوائے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری