بھارت کی ایل او سی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی، دو شہری شہید


بھارت کی ایل او سی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی، دو شہری شہید

بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے 2 شہریوں کو شہید کر دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے قریب تتہ پانی سیکٹر میں شہری آبادی پر گولہ باری کی گئی جس میں مارٹر اور راکٹ سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 بزرگ شہری 75 سالہ لال محمد اور 61 سالہ حسن دین شہید جبکہ 7 سال کا ایک معصوم بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔

پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 2 بھارتی فوجی مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرمی چیک پوسٹوں پر بلااشتعال فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں حوالدار منظور عباسی شہید ہو گئے تھے۔

اسی طرح بھارتی فوج کی جانب سے بٹل، ستوال، خنجر، نکیال اور جندروٹ سیکٹرز پر بھی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تھی جس میں 3 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی چیک پوسٹوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

دوسری جانب بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے شہریوں کی شہادت، فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا۔ ڈی جی ساؤتھ ایشیاء و سارک ڈاکٹر فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا۔

 ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا بھارتی فوج کی سول آبادی پر گولہ باری سے 2 بے گناہ شہری شہید ہوئے، بھارتی فوج کی فائرنگ و گولہ باری سے 7 سالہ معصوم بچہ بھی شدید زخمی ہوا ہے۔

بھارتی فوج ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل سول آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی فوج سول آبادیوں کو توپ خانے، مارٹر گولوں اور خود کار اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے۔

ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت نے 2017 سے اب تک 1970 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں، سول آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت اور انسانی اقدار کے منافی ہے، بھارتی فوج کا شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں علاقائی امن کیلئے خطرہ ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری