بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے؛ کشمیریوں کی حمایت میں ایرانی پارلیمنٹ میں قرارداد پیش
ایران کی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق میں ایک قرار داد پیش کردی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایران سمیت دنیا بھر کے تمام مسلمان ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اُٹھائیں۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی ممبر پارلیمنٹ علی مطہری نے قرار داد پیش کی ہے کہ ایران سمیت دنیا بھر کے تمام مسلمان ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اُٹھائیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلم امہ سمیت تہران کشمیر کے معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا ایک اہم ڈویلپمنٹ ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسلم امہ آگے آئے اور مشکل میں گرے کشمیریوں بہن بھائیوں کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت مظلوم کشمیریوں کے حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل امام خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں صدرمملکت سمیت اعلی عہدہ داروں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم و تشدد سے باز رہے۔
امام خامنہ ای نے مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کی ابتر صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام سے انصاف پر مبنی رویہ اختیار کرے.
انہوں نے فرمایا تھا کہ ایران کے بھارت سے اچھے تعلقات تو ہیں مگر ہماری توقع ہے کہ بھارت منصفانہ رویہ اپنائے اور کشمیریوں پر جبر نہ کیا جائے.
علاوہ ازیں تہران میں 2 بار اور مشہد میں 1 بار کشمیریوں کی حمایت اور بھارتی مظالم کی مذمت میں پر امپ احتجاجی مظاہرے ہو چکے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ تنہا نہیں ہیں، ایران میں رہنے والوں کی بڑی تعداد کشمیریوں کیساتھ ہے۔