کرکٹ شائقین کے لئے خوشخبری؛ سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان


کرکٹ شائقین کے لئے خوشخبری؛ سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان

سری لنکا کے وزیرکھیل نے کہا ہے کہ ان کی کرکٹ ٹیم رواں سال کے آخر میں تین میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا 8 روزہ دورہ کرے گی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے سری لنکا کے سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے حوالے کرک انفو نے بتایا تھا کہ سری لنکا کے سیکیورٹی وفد نے اپنے بورڈ کو انتہائی مثبت رپورٹ دی ہے جس کے بعد تمام چیزیں معمول کے مطابق ہونے پر پاکستان میں مارچ 2009 کے لاہور حملے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ واپس آسکتی ہے۔

اُس وقت سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے انتہائی مثبت ردعمل ملا جس کے بعد ٹیم بھیجنے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ سے کچھ متبادل صورت پر بھی بات کی جائے گی جبکہ اس حوالے سے حکومت سے بھی صلاح مشورہ کیا جائے گا۔

سری لنکا کے وزیر کھیل ہارین فرنینڈو کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کی پیشکش کی تھی لیکن سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے بجائے تین ون ڈے یا ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستانی کا 8 روزہ دورہ کرے گی۔

سری لنکن وزیر نے مچوں کی حتمی تاریخ تو نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ رواں سال کے آخر میں ہوگا۔

واضح رہے کہ کرکٹ پاکستانیوں کی رگوں میں دوڑتا ہے اور ملک بھر میں کرکٹ کے لاکھوں نہیں، کروڑوں شائقین ہیں جو سری لنکن ٹیم کے پاکستان دورے کے فیصلہ کا سن کر خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری