متحدہ عرب امارات نے بھارتی وزیراعظم کو اعزاز سے نواز دیا
متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز آرڈر ہف زاید سے نوازا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے کے دوران نرندر مودی نے قصر الوطن میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اسٹریٹیجک تعلقات پر بھی بات کی گئی۔
اس ملاقات میں اماراتی ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز (آرڈر آف زاید) دیا۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اعلیٰ ترین اعزاز دینے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے رواں سال اپریل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اس فیصلے کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر کئی افراد کے ساتھ ساتھ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے بھی متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے مودی کو اعلیٰ ترین اماراتی سویلین اعزاز دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے چند روز قبلبرطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ولی عہد محمد بن زاید سے انسانیت سوز مظالم میں ملوث بھارتی وزیراعظم مودی کو متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سویلین اعزاز دینے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
اپنے خط میں ناز شاہ نے ولی عہد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم رہائشی میرے اور آپ کے ہم مذہب ہیں لیکن اس سے بھی بڑھ کر انسانیت کے رشتے سے بھی ہمیں ان مظلوموں کے ساتھ ظلم اور جارحیت کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔
برطانوی رکن نے مزید لکھا تھا کہ کسی قسم کا معاہدہ یا کسی اور وجہ سے کشمیر میں مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے میں رکاوٹ بن رہی ہے تو کم از کم مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے لیے اس تقریب کو ہی معطل کردیا جائے۔
تاہم یہ تمام دلائل بےسود ٹھہرے اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا دیا۔
دوسری جانب پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے اس عمل پر احتجاجا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور پارلیمانی وفد کا متحدہ عرب امارات کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے،مودی حکومت کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کر رہی ہے اور اس وقت تک مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، اس موقع پر یو اے ای کا دورہ کشمیریوں کی دل آزادی کا سبب بنے گا۔