مقبوضہ کشمیرمیں 24ویں روز بھی کرفیو، شہری ہرقسم کی سہولیات سے محروم


مقبوضہ کشمیرمیں 24ویں روز بھی کرفیو، شہری ہرقسم کی سہولیات سے محروم

مقبوضہ کشمیرکے شہری 24 دنوں سے اپنے گھروں میں محصور ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کرفیو اور لاک ڈاؤن کے باوجود آزادی کے متوالے کشمیری سڑکوں پر نکلے، بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج کرتے نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج نے گولیاں برسائیں، پیلٹ گنوں کی فائرنگ اور آنسو گیس شیلنگ کی جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔
کشمیری ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بندشوں کے باوجود وادی میں کشمیریوں کا احتجاج جاری ہے۔ گزشتہ روزوادی کے شمالی، جنوبی اور وسطی علاقوں کے لوگ سڑکوں پر نکلے اور بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج کیا، سری نگر کے علاقے صورہ میں بھارتی فوج نے فائرنگ اور آنسو گیس شیلنگ سے مظاہرین کو منتشر کیا۔
بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن سے وادی میں لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء، دواؤں اور بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ تعلیمی ادارے، دکانیں، بازار بدستور بند اور مواصلاتی ذرائع معطل ہیں، ٹی وی چینلز اور اخبارات کی بندش پر بھی بدستور پابندی جاری ہے۔
مقبوضہ وادی کے لوگ جیلوں میں قید اپنے بچوں کی خیریت کے لیے پریشان ہیں، بھارتی فوج نے 23 روز کے دوران حریت رہنماؤں سمیت 10 ہزار سے زائد کشمیریوں کو حراست میں لیا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری