بغداد؛ ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث


بغداد؛ ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث

عراق کے دارالحکومت بغداد میں جاری ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے اجلاس میں بیرسٹر محمد سیف نے کشمیر کا مسئلہ اٹھا دیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں جاری ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے اجلاس میں سینیٹر بیرسٹر محمد سیف نے کشمیر کا مسئلہ اٹھا دیا جس پر بھارتی وفد نے شور مچانا شروع کر دیا۔
19 ممالک کے نمائندوں کی موجودگی میں بیرسٹر محمد سیف نے کشمیر کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام 5 اگست سے قابض بھارتی افواج کے مظالم کا سامنا کر رہی ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں کشمیریوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی انسانی حقوق کی تمام قرار دادوں کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ انہوں نے تمام رکن ممالک کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔
کانفرنس میں شریک ترکی، کویت سمیت دیگر ممالک نے پاکستانی مؤقف کی بھرپور تائید کی۔
واضح رہے کہ آج مقبوضہ وادی میں کرفیو کا 32 واں روز ہے اور لوگوں کے رابطے معطل، کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔ مسلسل جبری پابندیوں کے باوجود سری نگر اور دیگر شہروں میں احتجاج جاری ہے۔ وادی کا بیرونی دنیا سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہے۔ انٹرنیٹ، موبائل سروس، لینڈ لائن اور ٹی وی چینلز بند ہیں۔ حریت رہنماؤں سمیت ہزاروں کشمیری بدستور جیلوں میں بند ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بڑی تعداد میں کشمیریوں کو اتر پردیش، لکھنو کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری