پاکستان میں یوم آزادی کے بعد یوم دفاع بھی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ


پاکستان میں یوم آزادی کے بعد یوم دفاع بھی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 6 ستمبر کو یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر بھی منایا جائے گا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق حکومت پاکستان نے یوم آزادی کے بعد یوم دفاع بھی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کشمیریوں کے مؤقف کا دفاع پاکستان مضبوط کرنے کے مترادف ہے، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے، ہر محاذ پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ یوم دفاع بہادر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔
اس حوالے سے کل 6 ستمبر کو پاکستان بھر تمام دفاتر جمعہ کو سہ پہر 3 بجے بند ہوجائیں گے، دفاتر بند کرنے کا مقصد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا اور شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات اور یادگاروں کا دورہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ جمعہ کو دوپہر 12 سے ساڑھے 12 بجے تک کشمیر آور منایا گیا تھا۔

کشمیر آور کے موقع پر ملک بھر میں سائرن بجائے گئے جس پر تمام ٹریفک اور حکومتی مشینری نے کام روک دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا، جس کے ساتھ ہی تمام افراد اپنے مقامات پر کھڑے ہوگئے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 27 ستمبر تک ہر ہفتے کشمیریوں سے یکجہتی اور بھارت کے مظالم کے خلاف احتجاج کیا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری