کراچی میں کرنٹ لگنے سے 4 عزادار جاں بحق


کراچی میں کرنٹ لگنے سے 4 عزادار جاں بحق

کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں 7 محرم الحرام کے جلوس کا عَلم بجلی کے تاروں میں ٹکراگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں واقع امام بارگاہ کے قریب 7 محرم الحرام کے جلوس کیلئے علم تیار کیا جارہا تھا کہ اس دوران علم بجلی کی تاروں سے ٹکراگیا۔

علم تاروں سے ٹکرانے کے نتیجے میں 7 افراد کرنٹ سے جھلس گئے جنہیں طبی امداد کیلئے فوری طور پر قریبی نجی اسپتال لے جایا گیا تاہم ان میں سے 4 جانبر نہ ہوسکے۔

ریسکیو اداروں اور مقامی پولیس نے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 35 سالہ محمدعلی رضا، 13سالہ حاجی خاصخیلی، 18 سالہ سونو شاہ زیب مگسی اور عامر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں 13سالہ سمیر حسن، 22 سالہ افضل آغا اور 19 سالہ محسن شاہ شامل ہیں۔ افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے بھٹائی آباد میں پیش آنے والے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ علم کے بجلی کے تاروں سے ٹکرانے کے سبب حادثہ پیش آیا، شہری جلوس کے دوران خصوصی احتیاط برتیں۔

 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری