نواز شریف کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، وزیر صحت


نواز شریف کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں، وزیر صحت

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کی تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، ان کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں اور ان کے ذاتی معالج بھی مطمئن ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سروسز اسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں اور ان کے ذاتی معالج بھی مطمئن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو علاج کی تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں.

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بیرون ملک جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا ان کے حوالے سے ہمارے دل میں کوئی میل نہیں اور میری ہمدردیاں میاں صاحب کے ساتھ ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا پلیٹ لیٹس کم ہونے کی کئی وجوہات ہیں اور وہ اچانک بھی کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی موجودگی میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نواز شریف کی عیادت کی ہے۔ وزیر اعظم کا نیک تمناؤں کا بیان بھی پہنچایا ہے۔

دوسری جانب ہسپتال ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نوازشریف کو ”اکیوٹ آئی ٹی پی“ کا مرض لاحق ہے اور اس کا علاج بھی پاکستان میں ممکن ہے جبکہ نوازشریف کا علاج شرو ع بھی کیا جا چکا ہے۔

نوازشریف کے بون میرو فنکشنل ہیں اور اس حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ نوازشریف کے علاج کیلئے ہیموٹولوجسٹ داکٹر ثاقب انصاری سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق انہیں صحت یاب ہونے کیلئے ایک ہفتہ لگ سکتا ہے ۔

یاد رہے کہ نوازشریف کو تین روز قبل پلیٹ لیٹس میں شدید کمی کے باعث ہنگامی بنیادوں پر سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں اب تک پلیٹ لیٹس کے چار سے زائد میگا یونٹ لگائے جاچکے ہیں اور بیماری کی تشخیص میں کافی مشکل رہی لیکن اب ان کی بیماری کو پہچان لیا گیا ہے اور علاج بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری