گلگت بلتستان کے عوام آزادی کی جنگ نہ لڑتے تو بھارتی مظالم کا شکار ہوتے، عمران خان


گلگت بلتستان کے عوام آزادی کی جنگ نہ لڑتے تو بھارتی مظالم کا شکار ہوتے، عمران خان

گلگت میں یوم آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے آزادی کی جنگ لڑ کر ڈوگروں سے آزادی حاصل کی، اگر گلگت بلتستان کے لوگ آزادی کی جنگ نہ لڑتے تو آج وہ بھی مودی کے ظلم کا شکار ہوتے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  گلگت میں جی بی کے یوم آزادی پر منعقدہ فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر حاصل کیا، جو اس کلمہ پر یقین رکھتا ہے وہ کسی کے سامنے نہیں جھکتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لا الہ الا اللہ انسان کو غیرت دیتا ہے، ہم پاکستان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں آپ دیکھیں گے کہ پاکستان قوم پوری دنیا کیلئے ایک مثال بنے گا۔

 انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ تین ماہ سے بدترین کرفیو کی زد میں ہے، ہندوستان کی فوج نے انہیں بند کر کے رکھا ہوا ہے، کشمیری بھائیوں کیلئے میں پیغام دیتا ہوں کہ ساری پاکستانی قوم انکے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں ساری دنیا میں گھوما ہوں لیکن میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ گلگت بلتستان جیسا خوبصورت خطہ کہیں نہیں دیکھا، یہ خطہ سی پیک کا گیٹ وے ہے اور منصوبوں میں جی بی کو فوقیت دینگے۔

وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام ف کے آزادی مارچ کے حوالے سے کہا ہے دیکھنا ہے کہ آزادی مارچ والے کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔

گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف آج گلگت کی آزادی منائی جا رہی ہے اور دوسری طرف آزادی مارچ والے اسلام آباد میں جمع ہیں، دیکھنا ہے کہ آزادی مارچ والے کس سے آزادی لینے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا اگر پیپلپز پارٹی والوں سے پوچھیں کہ آپ یہاں کیوں جمع ہیں تو وہ مہنگائی کی بات کریں گے، ن لیگ والوں سے پوچھیں تو انہیں تو پتہ ہی نہیں ہو گا اور جے یو آئی والے کہیں گے کہ یہودی اسلام آباد پر قبضہ کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے، فضل الرحمان کے مارچ کو دکھا کر بھارتی میڈیا بہت خوش ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ فضل الرحمان بھارتی شہری ہے۔

قبل ازیں گلگت میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے ڈوگر راج کے خلاف جنگ لڑی، مسلمان اللہ کے سوا کسی اورکے سامنے نہیں جھکتا، دس سال کے اندر دو سپر طاقتوں نے مسلمانوں کے آگے گھٹنے ٹیکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، ہمیں پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کے مطابق بنانا ہے، جتنا ہم عدل و انصاف پر زوردیں گے اتنی ہی برکت ملک میں آئے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ غیرت مند انسان اللہ کے سوا کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا، انشاء اللہ یہی قوم دنیاکےسامنے ایک مثال بنےگی۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے کشمیریوں کے انسانی حقوق چھین لیے اور تین ماہ سے کرفیو لگایا ہوا ہے، کشمیریوں کیلئے پیغام ہے کہ دنیا بھر میں آپ کا سفیر بن کر جاؤں گا، اگر آپ لوگوں نے جنگ نہ لڑی ہوتی تو آپ بھی مودی کے ظلم کا شکار ہوتے، مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کو جانوروں کی طرح بند کرکے رکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مودی نے 5 اگست کو اپنی آخری پتا کھیل لیا،کرفیو اٹھے گا تو لوگوں کا سمندر آئے گا، میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑوں گا، ان کا وکیل بنوں گا اور اب کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری