سانحہ تیزگام: پنجاب اسمبلی میں وزیر ریلوے شیخ رشید کو عہدے سے برخاست کرنے کیلئے قرارداد جمع ہوگئی


سانحہ تیزگام: پنجاب اسمبلی میں وزیر ریلوے شیخ رشید کو عہدے سے برخاست کرنے کیلئے قرارداد جمع ہوگئی

مسلم لیگ (ن) نے سانحہ تیزگام اور دیگر ٹرینوں کے حادثات پر پنجاب اسمبلی میں وزیر ریلوے شیخ رشید کو عہدے سے ہٹانے کیلئے قرارداد جمع کروا دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق 76 بےگناہ افراد کے جانی نقصان پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں وزیر ریلوے شیخ رشید کو عہدے سے ہٹانے کیلئے قرارداد جمع کروا دی ہے۔

قرارداد میں وزیراعظم عمران خان سے شفاف تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کو عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جائے اور سانحہ تیزگام کی شفاف تحقیقات کےلئے غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے۔

قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی موجودگی میں تحقیقات میں مداخلت کا خدشہ ہے، شیخ رشید سیاسی اثرو رسوخ سے تحقیقات کرنے والے افسران پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر ریلوے کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے ریلوے سیاسی اکھاڑہ بنا چکا ہے جبکہ 14ماہ کے دوران ٹرین حادثات میں 110افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سانحہ تیزگام کے متاثرین بھی حکومت سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ سانحہ تیزگام ایکسپریس کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر محکمہ ریلوے ہی کے اہلکار، فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف پاکستان ریلوے (ایف جی آئی آر) دوست علی لغاری کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عینی شاہدین اس بات پر مصر ہیں کہ ٹرین میں آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی جبکہ ریلوے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں آتشزدگی کی وجہ مسافرین کے سیلنڈر کا پھٹنا بتایا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے ایف جی آئی آر سانحے کی وجوہات کے بارے میں اپنی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ 2 ہفتوں میں پیش کرے گا تاہم ریلوے نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے کمرشل و ٹرانسپوٹیشن گروپ اور ریلوے پولیس کے 6 افسران کو معطل کر دیا ہے۔

لیکن متاثرین نہ تو 15 لاکھ معاوضے سے مرغوب ہو رہے ہیں اور نہ ہی ریلوے کے 6 افسران کی معطلی سے مطمئین۔ ان کی زبان پر یہی سوال ہے کہ 76 جانوں کا بدلہ کسی وزیر کا استعفی اور چند افسران کی معطلی ہے یا ذمہ داران کی سزائے موت؟؟

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری