مقبوضہ کشمیر: عید میلادالنبیؐ کے جلوس پر پابندی / گھر گھر تلاشی کے دوران 1 کشمیری شہید 3 گرفتار
بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں عاشور محرم کی طرح عید میلادالنبیؐ کے جلوس کی بھی اجازت نہ دی اور گھر گھر تلاشی کے دوران 1 کشمیری کو شہید جبکہ 3 کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ وادی میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو آج 98 روز بیت چکے ہیں۔ جگہ جگہ بھارتی فوجی تعینات ہیں، سری نگر سمیت تمام بڑوں شہروں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے تو تعلیمی ادارے بند ہیں۔
بھارتی فوج نے محرم الحرام میں عزاداری کے جلوس کی طرح ایک بار پھر کشمیری مسلمانوں کی مذہبی آزادی سلب کرتے ہوئے آج 12 ربیع الاول کو عید میلادالنبیؐ کے جلوس کی بھی اجازت نہ دی۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو حریت پسند مجاہد قرار دیتے ہوئے شہید کر دیا ہے جبکہ ضلع کشتواڑ میں تین نوجوانوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
کشمیری نوجوان کی شہادت پر بانڈی پورہ میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے جبکہ قابض بھارتی فوج نے مزید نفری منگواتے ہوئے علاقے بھر کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت نے 5 اگست سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے جبکہ میڈیا پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔