پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان ترقیاتی منصوبوں کے لیے کروڑوں ڈالر کا معاہدہ


پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان ترقیاتی منصوبوں کے لیے کروڑوں ڈالر کا معاہدہ

پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان ترقیاتی منصوبوں کے لیے 78 کروڑ 70 لاکھ ڈالر قرضے کے 5 معاہدوں پر دستخط ہوگئے جس میں کراچی کے لیے 3 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ورلڈ بینک کراچی میں شہری نقل و حرکت، شہری انتظام اور خدمات کی فراہمی، پانی اور سیوریج سروسز کی بہتری، سسیاحت اور توانائی سیکٹر سے متعلق 3 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 65 کروڑ 20 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔

ڈان اخبار نے خبر دی ہے کہ معاہدوں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری نور احمد، اسلام آباد میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچوموتو الینگوو نے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں سندھ اور خیبرپختونخوا حکومت اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ کے نمائندگان اور وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر شریک تھے۔

کراچی میں یلو لائن پروجیکٹ میں یلو لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ روڈ (پی آر ٹی) کاریڈور پر نقل و حرکت، رسائی اور حفاظت کے لیے 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا پہلا قرضہ دیا جائے گا۔

اس منصوبے سے یلو لائن کاریڈور کا انفراسٹرکچر تیار کرنے، یلو کاریڈور کے اطراف میں سڑک کی دوبارہ تعمیر اور بی آر ٹی نظام کو فعال کرنے اور اس کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

علاوہ ازیں عالمی بینک کے ساتھ کمپیٹیٹو اینڈ لائیوایبل سٹی آف کراچی پروجیکٹ کے لیے 23 کروڑ ڈالر قرضے کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد شہری انتظامیہ میں کراچی کی مقامی کونسلز اور ایجنسیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے کاروباری ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

منصوبے کا مقصد کراچی میں شہری انتظامیہ، خدمات کی فراہمی اور کاروباری ماحول سے متعلق درپیش مسائل حل کرنا ہے۔

یہ منصوبہ مقامی کونسلز کی جانب سے شہری جائیداد کے ٹیکس نظام کے لیے کارکردگی پر مبنی گرانٹس، خدمات کی فراہمی میں نجی شعبے کی شرکت کی حوصلہ افزائی، کاروبار میں آسانی میں اضافے اور سولڈ ویسٹ منیجمنٹ کے ذریعے خدمات کی فراہمی اور کارکردگی میں بہتری لائے گا۔

اس کے ساتھ ہی کراچی میں واٹر ایںڈ سیوریج سروسز میں بہتری کے مںصوبے (فیز ون) کے لیے 4 کروڑ ڈالر قرضے کا معاہدہ بھی ہوا، اس منصوبے کا مقصد صاف پانی تک بہتر رسائی اور کراچی واٹر ایںڈ سیوریج بورڈ کی فنانشل اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

منصوبے کا شمار تیزی سے بڑھتے ہوئے شہر کراچی میں پانی، نکاسی آب اور صفائی کی سہولیات کی فراہم میں خلا سے متعلق سنگین مسائل کے حل کے لیے منصوبوں کی مجوزہ سیزیر کے تحت طویل المدتی پروگراموں میں ہوتا ہے۔

چند ہفتے قبل قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کراچی میں پانی کے وسائل اور سیوریج کے نظام میں بہتری کے لیے 10 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی لاگت کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔

مذکورہ تینوں منصوبے ' کراچی ٹرانسفارمیٹو اسٹریٹیجی' کے نتائج کے بعد طے کیے گئے جس میں 10 سال کے عرصے میں انفراسٹرکچر کی ضروریات کی تکمیل کے 9 سے 10 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا تخمینہ لگایا گیا ہے تاکہ شہری ٹرانسپورٹ، پانی کی فراہمی، صفائی اور میونسپل سولڈ ویسٹ کے ذریعے ملک کے سب سے بڑے شہر کے انفراسٹرکچر اور خدمات کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

ساتھ ہی خیبرپختونخوا انٹگریٹڈ ٹورزم ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے لیے 7 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تاکہ خیبرپختونخوا میں سیاحت سے متعلق انفراسٹرکچر اور مستحکم انتظامات کیے جاسکیں۔

اسی طرح وسطی ایشیا جنوبی ایشیا الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن ایںڈ ٹریڈ پروجیکٹ (سی اے ایس اے-1000) کے منصوبے کے لیے 6 کروڑ 50 لاکھ کے اضافی مالیاتی معاہدہ بھی طے ہوا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری