مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 116واں روز، مسلم امہ خاموش تماشائی
جنت نظیر وادی مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن 116ویں روز میں داخل ہوگیا ہے، وادی میں زندگی مسلسل مفلوج ہے، دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ وادی کرفیو اور لاک ڈاؤن کا 116واں روز ہے، وادی بھر میں تمام مواصلاتی رابطے، انٹرنیٹ سروس اور دیگر طبی سہولیات معطل ہیں۔
بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، حالات تاحال کشیدہ ہیں اور وادی کا دنیا سے تعلق تاحال منقطع ہے، خوارک اور ادویات کی قلت بھی برقرار ہے۔
کشمیری ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، 3 ماہ سے کشمیریوں کو نماز جمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں دی جا رہی۔
یاد رہے کہ 3 روز قبل بھارتی ایئر فورس کے سابق ایئر مارشل کپل کاک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر یخ بستہ جیل ہے، 80 لاکھ کشمیری یخ بستہ قید میں ہیں، صورت حال نارمل کیسے کہہ سکتے ہیں۔
سابق بھارتی وائس ایئر مارشل کپل کاک نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اعلانات کے بجائے کشمیریوں کا درد سمجھنے کی ضرورت ہے۔