شفاف الیکشن کیلئےجدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے، فواد چوہدری
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائیں گے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کیلئے تگڑا الیکشن کمشنر ہونا چاہئے، اپوزیشن لیڈر کی جانب سے جو تین نام آئے ہیں، جو قابل احترام ہیں، حکومت ان ناموں پر غور کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنرکے تقرر کیلئے تجویز کئے گئے ناموں پر کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے ججز کے بجائے بیورو کریٹس کے نام بھیجےہیں۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ چاہتےہیں جدید ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن میں متعارف کراسکیں، شفاف الیکشن کیلئے تگڑا الیکشن کمشنر ہونا چاہیئے، الیکشن شفاف ہوں تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھاسکے ، الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا ہماری خواہش ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا اگراتفاق رائے ہو جائے تو ٹھیک نہیں تو3 نام مزید اور آئیں گے، شہبازشریف کے بھیجے گئے تینوں نام بہت معتبرہیں، حکومت ان ناموں پر غور کرے گی ، انشااللہ اپوزیشن اور حکومت کا لیکشن کمشنر کے ایک نام پراتفاق رائے ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنرکی ریٹائرمنٹ سے پہلےنام پر اتفاق رائے ہوجانا چاہیے اور شہبازشریف کوملک واپس آکر مقدمات کاسامنا کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کیلئے 3 نام وزیراعظم عمران خان کو بھجوائے ہیں، جس میں ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام شامل ہیں۔