پاکستان کی پوری کرکٹ ٹیم ڈیوڈ وارنر جتنا اسکور بھی نہ بنا پائی / فالو آن کا شکار


پاکستان کی پوری کرکٹ ٹیم ڈیوڈ وارنر جتنا اسکور بھی نہ بنا پائی / فالو آن کا شکار

ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 302 رنز بنا سکی جبکہ مہمان ٹیم آسٹریلیا کے اوپنگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے ہی ناقابل شکست 335 رنز بنائے تھے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن جب پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کا مجموعی اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز تھا اور اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا تھا، کریز پر بابر اعظم اور یاسر شاہ موجود تھے۔

ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان کے باقی ماندہ کھلاڑی بھی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جلد ہی پویلین لوٹ جائیں گے لیکن اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور 105 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔194 رنز پر پاکستان کو ساتواں نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، بابر اعظم نے 95 رنز بنائے۔ بابر اعظم کے بعد شاہین آفریدی بھی آئے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی چلے گئے۔

محمد عباس نے یاسر شاہ کا ساتھ دینے کی ٹھانی اور وکٹ بچاتے ہوئے یاسر شاہ کو کھیلنے کا موقع دیا۔یاسر شاہ اور محمد عباس نے پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اسی دوران یاسر شاہ نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری سکور کی۔

281 رنز پر محمد عباس کی مزاحمت دم توڑ گئی اور وہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن یاسر شاہ کے ساتھ مل کر انہوں نے 87 قیمتی رنز فراہم کئے۔ ان کی شراکت سے یہ ٹاپ آرڈر کو بیٹنک کا بھرپور سبق سکھایا۔

عباس کے بعد موسیٰ خان نے یاسر شاہ کا ساتھ دینے کی ٹھانی لیکن 302 رنز پر یاسر شاہ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 113 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔

بابر اعظم اور یاسر شاہ کی دلکش اننگز کے باوجود پاکستان فالو آن سے بچ نہ سکا اور اسے پہلی اننگز میں 287 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

پاکستان نے فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 287 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو شان مسعود اور امام الحق میدان میں اترے، 2 رنز پر امام الحق اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔ اسی طرح کپتان اظہر علی 9 اور بابر اعظم 8 کے اسکور پر اسٹارک اور ہیضل وڈ کا شکار ہوئے۔

تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اس کو 248 رنز کے خسارے کا اب بھی سامنا ہے۔

پاکستان نے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے تھے، بابراعظم 43 اور یاسر شاہ 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 589 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

یاد رہے کہ دو میچز کی ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم آسٹریلیا نے مہمان ٹیم پاکستان کو 1 اننگز اور 5 رنز سے شکست دے دی تھی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری