پاکستانی وزیرخارجہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے


پاکستانی وزیرخارجہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر کولمبو پہنچ گئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  سری لنکا کی نو منتخب قیادت سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مبارکباد کا پیغام بھی پہنچائیں گے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپکسے اور وزیراعظم مہندا راجا پکسے سے ملاقات کریں گے اور انہیں مبارک باد دیں گے۔

علاوہ ازیں وزیرخارجہ اپنے نومنتخب سری لنکن ہم منصب دنیش گوناوردھنے سےعلیحدہ ملاقات کریں گے۔

بیان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی اعتماد اور مفاہمت پر مبنی گہرے اور قریبی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات وسیع اور کثیر الجہتی ہیں، جس میں سیاسی، تجارتی، کمرشل، دفاع، عوامی سطح کے روابط اور ثقافتی تبادلے شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 20نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹابایا راجا پکسے کو فون کیا تھا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔

وزیراعظم نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جسے سری لنکا کے صدر نے قبول کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ گوٹابایا راجا پکسے نے سری لنکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، جس کے نتائج کا اعلان 17 نومبر کو کیا گیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری