پنجاب کارڈیالوجی پر ہنگامہ آرائی کی بنیادی وجہ تربیت کا فقدان ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ علماءکونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں ہونیوالی ہنگامہ آرائی اور مریضوں کو تکلیف پہنچائے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی مثالی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماءکونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ بنیادی سبب تربیت کا فقدان ہے، ریاست مدینہ تربیتی نظام وضع کرے۔ قرآن کی رو سے ریاست مدینہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تربیتی نظام وضع کرے اور عوام کو اخلاق اور قانون کی پاسداری کی تربیت دے۔
اپنے مذمتی بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ انتہائی حساس اسپتال میں ہزاروں کی تعداد میں حملہ آور کیسے گھس آئے؟ پاکستان جیسے اسلامی ملک میں صریحاً اور دن دیہاڑے نہ صرف قانون کو روند ڈالا گیا بلکہ اسلامی تعلیمات اور معاشرتی روایات تک کا خیال نہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جو اقدامات اس ہنگامہ آرائی کے بعد اٹھائے گئے وہ پہلے کیوں نہیں اٹھائے گئے، جب کچھ عرصہ سے دوگروپوں کے درمیان تلخ صورتحال درپیش تھی جس کا صوبائی انتظامیہ کو علم بھی تھا تو پھر اس معاملے کی سنگینی کا احساس کیوں نہیں کیاگیا؟
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اس مشکل صورتحال میں متاثر ہونیوالے مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی جامع اور مثالی تحقیقات کرکے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لے کر اس میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے تحت اقدامات کئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا قبیح فعل ملک کو انارکی کی طرف دھکیل سکتا ہے، کسی بھی مہذب جمہوری معاشرے میں احتجاج کے نام پر کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔