سعودی حکام کا پاکستان سے کیا ہوا وعدہ پورا نہ ہوسکا، صرف 89 قیدی رہا ہوئے، رپورٹ
جسٹس پراجیکٹ پاکستان نامی تنظیم نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ سعودی عرب سے صرف 89 قیدی پاکستان واپس پہنچے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کیس کی سماعت کے دوران تنظیم کی سربراہ بیرسٹر سارہ بلال نے عدالت کو بتایا کہ سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کے دوران 2107 قیدی واپس کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر صرف 89 کو ہی شاہی معافی دی گئی۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر رہا ہونے والے پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کریں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے جیلوں میں ہزاروں پاکستانی شہری قید ہیں، جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کی بہتر سفارت کاری کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کی جیلوں سے 1873 پاکستانی قیدیوں کو رہائی مِلی،ملائیشیا سے 782 اور لیبیا سے 167 قیدی آزاد ہوئے۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق قطر سے 53 کو رہا کیا گیا، امریکی جیلوں میں بند 25 پاکستانیوں کو رہا کروایا گیا، جبکہ چین سے 4 اور ایران سے 2 قیدیوں کو رہائی مِلی ہے۔ اس لحاظ سے گزشتہ ایک سال کے دوران دُنیا کی مختلف جیلوں میں بند 4637 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ جبکہ بن سلمان نے ہزاروں پاکستانی شہریوں کو رہا کرنے کا وعدہ کیا تھا جو اب تک پورا نہ ہوسکا ہے۔