ایران امریکی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں،حسن روحانی
ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر کہا ہے کہ ایرانی قوم کو کبھی دھمکیاں نہ دی جائیں، جو 52 اہداف کا حوالہ دے رہے ہیں وہ 290 بھی یاد رکھیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی قوم کو کبھی دھمکیاں نہ دی جائیں، جو 52 اہداف کا حوالہ دے رہے ہیں وہ 290بھی یاد رکھیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بغداد میں امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد ایران اور امریکا میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور ایران نے بدلہ لینے کی دھمکی بھی دی ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل غلام علی ابو حمزہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی جنگی جہاز اور اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سمیت 35 تنصیبات ایران کے نشانے پر ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی اہلکاروں یا اثاثوں پر حملہ کیا تو ایران کے 52 تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔
ایرانی صدر کی جانب سے آئی آر 655 کا ہیش ٹیگ بھی دیا گیا ہے جو کہ اس ایرانی مسافر طیارے کا فلائٹ نمبر تھا جسے 3جولائی 1988کو امریکی جنگی بحری جہاز نے میزائل مار کر تباہ کردیا تھا۔
اس مسافر طیارے میں ایران کے 290 شہری سوار تھے جن میں 66 بچے بھی تھے۔
واضح رہے کہ 1996 میں انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں امریکا نے واقعے پر انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہار کیاتھا تاہم امریکا کی جانب سے واقعے پر اب تک معافی نہیں مانگی گئی جب کہ لواحقین کو معاوضے کی رقم کا معاملہ بھی حل نہیں ہوسکا ہے۔