موجودہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان کا کردار اہم ہے، شیعہ علماء کونسل


موجودہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان کا کردار اہم ہے، شیعہ علماء کونسل

سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس یو سی سندھ کے صدر علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان کا کردار اہم ہے اور پاکستان کے لئے امتحان ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی حملے میں ایرانی سپاہ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی شہادت پر ایس یو سی 10 جنوری کو سندھ بھر میں امریکا کے خلاف یوم احتجاج منائے گی۔

سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ اب یہ چیز واضح ہو چکی ہے کہ عالم اسلام کو خطرہ امریکا سے ہے، جو اپنا اور اسرائیل کا تسلط دنیا پر قائم رکھنے کیلئے طاقت کا استعمال کر رہا ہے، عراق پر امریکی حملہ عراقی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اگر آج امت مسلمہ متحد ہوتی تو امریکا و اسرائیل طاقت نہ بنتے اور انہیں طاقت استعمال کرنے کی جرات پیدا نہ ہوتی، اسلامی سربراہوں کی صفوں میں انتشار سے مسلمہ امہ کمزور ہو رہی ہے۔

علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان کا کردار اہم ہے اور پاکستان پر اس جو وقت ہے، وہ اس سے پہلے کبھی نہیں آیا، اس تناظر میں آئی ایس پی آر کا بیان قابل تحسین ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے پیچھے بھی امریکا کا ہاتھ ہے، وہ مسلمانوں کا دشمن اول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو موجودہ حالات میں چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ پر زور ڈال کر امریکا کو جارحیت کرنے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا دنیا بھر میں اپنا تسلط قائم رکھنے کا خواب کسی طور شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری