امام خامنہ ای کا یورپ میں زیرتعلیم ایرانی طلبا کے نام اہم پیغام
امام خامنہ ای نے یورپی ممالک میں زیرتعلیم ایرانی جوانوں کے نام پیغام میں فرمایا ہے کہ پچھلے دنوں کے غیر معمولی اور تاریخ ساز واقعات ایران اور اس کے انقلابی عوام کی عظمت و وقار کا واضح مصداق ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امام خامنہ ای نے یورپ میں زیرتعلیم ایرانی طلبا کی اسلامی انجمنوں کی یونین کے 54ویں اجلاس کے نام اپنے پیغام میں فرمایا کہ پچھلے دنوں کے اہم ترین واقعات منجملہ شہادتیں، ایران کی فوجی طاقت کا اظہار اور میدان میں عوام کی غیر معمولی شرکت اور موجودگی یہ سب ایک تاریخ ساز حقیقت کے رونما ہونے کی علامتیں ہیں۔
امام خامنہ ای نے اپنے پیغام میں یورپ میں زیرتعلیم ایرانی طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ انقلاب کا اگلا قدم اس حقیقت کو منزل کمال تک پہنچا سکتا ہے اور آپ لوگ ان تاریخ ساز اور منتخب افراد میں شامل ہوسکتے ہیں-
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عظیم کمانڈروں کی شہادت، ان کے جلوس جنازہ میں عوام کی تاریخی شرکت، ایران کی فوجی اور دفاعی طاقت کا مظاہرہ، نوجوانوں اور جوانوں کا مضبوط ارادہ اور مستحکم جذبہ، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں سرگرم مومن جوانوں کے ساتھ مل کر آج کی دنیا میں ایک غیر معمولی اور تاریخی حقیقت رقم کرسکتا ہے ایسی حقیقت جو آئندہ کی تاریخ کے لئے گہرے اور فیصلہ کن اثرات کی حامل ہوسکتی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی کے اس پیغام کویورپ میں ایرانی طلبا کی اسلامی انجمنوں کی یونین میں رہبرانقلاب اسلامی کے نمائندے حجت الاسلام جواد اژہ ای نے ویانا میں ایرانی طلبا کے اجلاس میں پڑھ کر سنایا۔