عدالت کا پاکستانیوں کو چین سے واپس لانے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستانیوں کو چین سے واپس لانے کا حکم جاری کردیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد ہائیکورٹ میں کرونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے پاکستانی شہریوں کو چین سے واپس لانے کا حکم جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اظہر من اللہ نے استفسار کیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کو چین سے واپس کیوں نہیں لا رہا ؟ کیا ریاست بیان حلفی دے گی شہریوں کو نہ نکالنے کی وجہ سے کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا؟
بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک اپنے شہریوں کو چین سے نکال رہے ہیں، بنگلہ دیش اپنے شہریوں کو نکال سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں ؟ ۔
نمائندہ وزارت صحت نے عدالت میں بتایا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو الگ کیا جائے ، ویکسین ابھی تک نہیں لائی گئی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا سوال ہے کہ صرف ہم اپنے شہریوں کو کیوں نہیں نکال رہے ؟