کورونا وائرس؛ ایران نے عراقی زائرین پر عارضی طور پرپابندی عائد کردی


کورونا وائرس؛ ایران نے عراقی زائرین پر عارضی طور پرپابندی عائد کردی

عراق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے عراقی زائرین کو 6 مارچ تک ویزہ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بغداد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق کے عوام 6 مارچ تک ایران کا سفر نہیں کر سکتے۔

سفارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کی صحت و سلامتی اور کورونا وائرس کے پیش نظرعراقی عوام 6 مارچ 2020  تک ایران کا سفر نہیں کر سکتے۔

واضح رہے عراق کے مقدس شہرنجف اشرف میں ایک شخص کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوا تھا جس کی وجہ سے ایران نے عراقی زائرین کوملک میں داخل ہونے سے عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیاہے۔  

عراق نے کورونا وائرس کے پیش نظر خطرات سے بچنے کے لیے جمعرات کے روز ایران کے ساتھ اپنی سرحدوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کی ایران سے ملحقہ سرحد تفتان بھی عارضی طورپر بند کردی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ایران، امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، جاپان، کینیڈا، فرانس، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں نیوکورونا وائرس کے تقریبا 89 ہزارکیس سامنے آچکے ہیں جن میں سے 18 ہزار کو ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا اور 2 ہزار 663  سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری