کورونا وائرس؛ چینی طبی ماہرین کا اعلی سطحی وفد تہران پہنچ گیا


کورونا وائرس؛ چینی طبی ماہرین کا اعلی سطحی وفد تہران پہنچ گیا

اسلامی جمہوریہ ایران میں کورونا وائرس کے روک تھام کے لئے چین سے ایک اعلی سطحی وفد تہران پہنچ گیا ہے۔

 

 

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران میں چین کے سفیر چانگ ہوا نے کل چین کی جانب سے ایران کیلئے طبی سامان کی پہلی کھیپ کو تہران کے حوالے کرنے کی خبردی تھی۔

گزشتہ ہفتے تہران میں چین کے سفارتخانے نے کورونا وائرس کی تشخیص کے پانچ ہزار کٹس اور دو لاکھ پچاس ہزار سرجیکل ماسک ایران کو دینے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ کل اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی Wang Yi  سے ہونے والی گفتگو میں ایران کیلئے طبی ساز و سامان بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی مسئلہ بن گیا ہے کہ جس کا مقابلہ کرنے کیلئے سیاست کوبالائے طاق رکھتے ہوئے دنیا کے ممالک کے مابین باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔

محمدجواد ظریف نے کورونا وائرس کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے ایران اور چین کے ماہرین کے مابین مشترکہ تحقیقات کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پرچین کے وزیر خارجہ نے ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا ملک کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایران کی بھر پور حمایت و مدد کرے گا۔

وانگ یی نے چینی حکومت کی جانب سے ایران کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس اور دیگر طبی سامان ارسال کرنے پر کہا کہ دیگر ضروری امداد کیلئے ایران کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب چین کورونا وائرس کا شکار ہوا تب ایران پہلا ملک تھا جس نے چین سے اظہار ہمدردی کیا جس کی ہم قدر کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے چین کی جانب سے طبی سازو سامان کل جمعہ کے روز تہران پہنچا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری