شامی فوج کی جوابی کارروائی میں ترکی کے 4ڈرون طیارے تباہ
شامی فوج نے بین الاقوامی سرحدوں کی خلاف ورزی کرنے پر ترکی کے 4ڈرون طیارے تباہ کردیے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ ادلب میں ترکی کے ڈرون طیاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا کہ وہ شامی فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ترک فوج اور اسکے حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف شامی فوج کے آپریشن کے پیش نظر صوبہ ادلب کو نو فلائی زون قراردے دیا گیا ہے۔
دہشتگردوں کا آخری مرکز سمجھے جانے والے صوبہ ادب میں شامی فوج کے آپریشن پر ترکی کی جانب سے منفی رد عمل سامنے آ رہا ہے اور وہ مستقل بنیادوں پر شامی فوج سے مقابلہ آرائی پر تُلا ہوا ہے۔
حالیہ چند ہفتوں کے دوران ترکی اور اسکے حمایت یافتہ دہشتگردوں نے بارہا شام کی فوج اور اسکی بنیادی تنصیبات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی تین برسوں سے حکومت کی اجازت کے بغیر شام میں موجود ہے اور شمالی شام کے بعض علاقوں کو اپنے قبضے میں لئے ہوئے ہے جس پر اسے عالمی سطح پر مذمتوں کا سامنا رہا ہے۔
شام کا بحران دوہزار گیارہ میں اُس وقت شروع ہوا جب ترکی، سعودی عرب، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگردوں نے خطے کے موجودہ حالات کا رخ صیہونی ٹولے کے حق میں موڑنے کے لئے شام پر چڑھائی کی۔اس وقت شام، ایران اور روس کی مدد سے مغربی و عرب ممالک کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف برسرپیکار ہے۔