امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی؛ سعودی عرب میں بھی پہلا کیس سامنے آگیا


امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی؛ سعودی عرب میں بھی پہلا کیس سامنے آگیا

مہلک وائرس کی بدولت ہونے والی تمام ہلاکتیں واشنگٹن اسٹیٹ میں ہوئیں جبکہ سعودی عرب نے بھی کرونا کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق واشنگٹن اسٹیٹ میں کرونا وائرس کا شکار مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس طرح اس مہلک مرض سے امریکہ میں ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام اموات نرسنگ سینٹر میں ہوئیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے 1500 افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ 18 مریض انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔

اس حوالے سے حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے اپنی دواساز کمپنیوں کو کرونا ویکسین پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

حکام نے کرونا وائرس سے متاثر مریضوں کے لئے کنگ کاؤنٹی ہوٹل میں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔    

دوسری جانب سعودی عرب میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے، سعودی محکمہ صحت نے جان لیوا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کردی۔

العربیہ نیوز کے مطابق ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، تاہم متاثرہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

سعودی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کے سیمپل کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جہاں اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

متاثرہ شخص کے ساتھ ملنے والے تمام افراد کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔ دیگر افراد جن میں کرونا وائرس کا شبہ ہے انہیں ہسپتال میں الگ رکھا گیا جہاں انہیں کسی سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں اس مہلک مرض کا شکار ہو کر 3 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری